انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 25 نومبرتک ملتوی کردی۔
انسدادِ دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت میں سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس سماعت ہوئی۔ سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، شیخ رشید، سابق صوبائی وزیرراجہ بشارت سمیت دیگرملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ پراسیکیوشن کی جانب سے ملزمان کو چالان کی اضافی نقول فراہم کر دی گئی۔
پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے چالان کی اضافی نقول پراعتراضات اٹھائے۔
وکلا صفائی نے شیخ رشید، طاہرصادق، شیریں مزاری، شکیل نیازی اور امجد خان نیازی کی درخواست بریت پر دلائل مکمل کیے۔
پبلک پراسیکیوٹر ظہیرشاہ کی جانب سے ملزمان کی درخواست بریت پردلائل جاری ہیں، ملزمان کی بریت کی درخواست پربھی آئندہ سماعت پر بھی دلائل دیے جائیں گے۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیش نہ ہونے والے ملزمان کو چالان کی اضافی نقول تقسیم کی جائیں گی۔ عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 25 نومبر تک ملتوی کردی۔




















