آئی پی ایل میں 14 سال کی کم عمر میں تیزرفتار سنچری بنا کر کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچانے والے کرکٹر ویبھو سوریا ونشی کی عمر پر سوالات اٹھ گئے ہیں، جس میں ان کی ایک پرانی ویڈیو کے حوالے سے ان کی عمر 16 سال ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔
سوریا ونشی نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف 35 گیندوں پر سنچری بنا کر ناصرف آئی پی ایل بلکہ کسی بھی بھارتی کی جانب سے تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ وہ سنچری اسکور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
سابق بھارتی باکسر وجیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا کہ کیا اب کرکٹ میں بھی عمر کی جعلسازی عام ہو چکی ہے؟
انہوں نے کہا کہ ‘بھائی آج کل عمر چھوٹی کر کے کرکٹ میں بھی کھیلنے لگے ہیں’۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر صارفین بھی سوریا ونشی کی عمر کے حوالے سے سوال اٹھا رہے ہیں۔
ان سوالات کے اٹھنے کی اصل وجہ سوریاونشی کا وائرل ہونے والا ایک پرانا انٹرویو ہے جو 2023 میں لیا گیا تھا جس میں سوریا ونشی نے بتایا تھا کہ ان کی عمر 14 سال ہے۔
اگر 2023 میں سوریا ونشی 14 سال کے تھے تو اس حساب سے 2025 میں ان کی عمر 16 سال بنتی ہے۔
بھارتی میڈیا ہو یا پھر مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو، سوریا ونشی کی عمر ابھی 14 سال ہی بتارہے ہیں۔
کرک انفو کی ویب سائٹ پر سوریا ونشی کی تاریخ پیدائش 27 مارچ سن 2011 درج ہے۔اس حساب سے ان کی عمر 14 سال اور 36 دن بنتی ہے لیکن اگر دوسری جانب سوریا کے 2023 کے انٹرویو کو دیکھیں تو اس حساب سے وہ 16 سال کے ہیں۔
کیا سوریا ونشی نے آئی پی ایل میں جان بوجھ کر اپنی اصل عمر چھپائی؟ انہوں نے اپنی عمر کے حوالے سے جھوٹ بولا، یہ وہ سوالات ہیں جو اس وقت سوشل میڈیا پر اٹھائے جارہے ہیں۔




















