Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیرآب آگئے

سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 197 اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا، متعدد آبادیاں ڈوب گئیں، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، مجموعی طور پر 126 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔

پیر ودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی میں گھر پانی سے بھر گئے، یونین کونسل 4 اور 5 کے علاقے بھی ڈوب گئے، اعوان کالونی میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی ڈوب گیا۔

شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، کٹاریاں کے مقام پر پانی ساڑھے 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کےمقام پرساڑھے 21 فٹ تک پہنچ گیا،گوالمنڈی سے ملحقہ علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

موسلادھار بارش کی وجہ سے راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کے مطابق راولپنڈی کے سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔

واسا حکام کے مطابق سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 197 اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، نیوکٹاریاں 184، پی ایم ڈی 146 اور پیرودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ہوئی۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا امکان ہے۔

بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

متعلقہ خبریں