وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا جہاں اعلیٰ سطحی اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کی پیش رفت اور دیگر اہم انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ہسپتالوں کے سربراہان، ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ، جوائنٹ سیکریٹری، ڈی جی ہیلتھ اور ڈی ایچ او اسلام آباد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پمز ہسپتال میں کولنگ سسٹم کو یقینی بنانے کے لیے ایچ وی اے سی نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر صحت نے چلڈرن ہسپتال میں کولنگ سسٹم کو ہنگامی بنیادوں پر فعال اور مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پمز ہسپتال پر مریضوں کے غیر معمولی بوجھ کو کم کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن سینٹر کا آغاز کیا جائے گا۔
وزیر صحت نے سی ای او ہیلتھ کارڈ کو ہدایت کی کہ وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے تحت دستیاب سہولیات سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ پمز پر مریضوں کا دباؤ کم کیا جا سکے۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے تحت اسلام آباد میں پینل پر موجود 15 ہسپتالوں میں شہریوں کو مفت اور معیاری طبی سہولیات دستیاب ہیں۔ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری پینل ہسپتالوں سے مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیر صحت نے ہدایت کی کہ وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے پینل پر موجود 15 ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت سے متعلق شہریوں کو بھرپور آگاہی فراہم کی جائے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر صحت نے پمز کی نئی ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور نیو ایمرجنسی کو ہنگامی بنیادوں پر آپریشنل کرنے کی ہدایت کردی۔



















