موبائل فون کا چارجر استعمال کے بعد بجلی کے ساکٹ میں لگا چھوڑ دینا عام عادت ہے، تاہم ماہرین کے مطابق چارجر سے کوئی ڈیوائس منسلک نہ ہونے کے باوجود بھی معمولی مقدار میں بجلی خرچ ہوتی رہتی ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق ساکٹ سے منسلک چارجر بجلی کی معمولی مقدار مسلسل استعمال کرتا ہے جسے اسٹینڈ بائی پاور کہا جاتا ہے۔ اس حالت میں چارجر فعال رہتا ہے تاکہ ڈیوائس منسلک ہوتے ہی چارجنگ شروع کی جا سکے۔
ایک عام چارجر اسٹینڈ بائی حالت میں تقریباً 0.1 سے 0.5 واٹ بجلی استعمال کر سکتا ہے۔ اگرچہ ایک چارجر کی یہ کھپت انتہائی کم ہوتی ہے اور عموماً بجلی کے بل پر نمایاں اثر نہیں ڈالتی، تاہم متعدد چارجرز اور دیگر برقی آلات مسلسل پلگ میں لگے رہنے کی صورت میں مجموعی استعمال بڑھ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صرف موبائل چارجر ہی نہیں بلکہ ٹیلی ویژن، کمپیوٹر، مائیکرو ویو اوون، گیمنگ ڈیوائسز اور دیگر برقی آلات بھی بظاہر بند ہونے کے باوجود اسٹینڈ بائی موڈ میں کچھ بجلی استعمال کر سکتے ہیں۔
کینیڈا میں کیے گئے ایک سرکاری تخمینے کے مطابق اسٹینڈ بائی موڈ میں موجود برقی آلات کسی گھر کی مجموعی بجلی کی کھپت کا تقریباً 5 سے 10 فیصد حصہ استعمال کر سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی چارجر یا برقی آلے کی فوری ضرورت نہ ہو تو اسے استعمال کے بعد ساکٹ سے نکال دینا توانائی کے غیر ضروری استعمال میں کمی لانے کا ایک آسان طریقہ ہے۔ تاہم چارجر کی حقیقی بجلی کی کھپت اس کے ڈیزائن، معیار اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے۔




















