وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے طلبہ کو جدید ڈیجیٹل سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لیے 5 لاکھ ری فربشڈ کروم بکس اور انٹرنیٹ ڈیوائسز تقسیم کرنے کی اسکیم کا افتتاح کردیا، جس کے تحت دو سال کے دوران طلبہ کو یہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم نے نویں جماعت کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور مدارس کے طلبہ میں لیپ ٹاپس اور انٹرنیٹ ڈیوائسز بھی تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ طلبہ پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں اور ملک نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور جدید تعلیم تک ان کی رسائی بڑھانے کے سفر کا آغاز کر رہا ہے۔ نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صلاحیت اور محنت کا تعلق کسی شخص کی مالی حیثیت سے نہیں، کیونکہ ٹیلنٹ امیری یا غربت کا محتاج نہیں ہوتا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 10 سال کے دوران 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے تھے، جبکہ اب آئندہ دو سال میں 5 لاکھ کروم بکس طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے ملک بھر میں کم از کم 27 دانش اسکولوں کی تعمیر کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان اداروں کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولتیں فراہم کرنا ہے، جہاں تعلیم کے ساتھ دیگر ضروری خدمات بھی مفت مہیا کی جائیں گی۔
اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے بتایا کہ ٹوکیو ٹیکنالوجی کیئر فاؤنڈیشن نے پاکستان کے 5 لاکھ طلبہ کو ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
رانا مشہود کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا موجودہ حکومت پر اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے دانش اسکولوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے ذریعے مستحق طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے اور بہتر مستقبل کے مواقع تک رسائی میں مدد ملی ہے۔

















