پاکستان نے بھارت کے شہر سہارنپور، اتر پردیش میں گزشتہ روز صدیوں پرانی تاریخی مسجد شہید کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مسجد کی شہادت اسلاموفوبک اور ہندوتوا سوچ کی عکاسی کرتی ہے اور یہ اسلامی ورثے کو مٹانے کی وسیع تر مہم کا ایک اور مظہر ہے۔
ترجمان نے کہا کہ 1992 میں بابری مسجد کا گرایا جانا مذہبی عدم برداشت اور نفرت کی مستقل علامت ہے، جبکہ بھارت میں مسلمانوں کے منظم استحصال کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکام کی سرپرستی میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور شہادت کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکام کو اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں کی مذہبی آزادی اور ثقافتی ورثے کے خلاف اقدامات پر جوابدہ بنایا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت میں تمام اقلیتوں کی مذہبی آزادی اور ان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔















