21 سالہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس سے بے حد متاثر ہیں اور ان کی طرح بولر بننا چاہتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے شہر مردان سے تعلق رکھنے والے رضا اللہ نے صرف آٹھ فرسٹ کلاس میچز کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنائی ہے جب کہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ہی میچ میں ایسی کارکردگی دکھائی جس نے سب کی توجہ ان کی جانب مبذول کروالی ہے۔
انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو کے دوران پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 23 اوورز میں 148 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ بلے بازی میں بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔
رضا اللہ نے پاکستان کی دوسری اننگز میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 63 گیندوں پر 81 رنز بنا ڈالے جس میں 4 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز کے دوران غیر ملکی خبر رساں اداے سے گفتگو میں رضا اللہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے وقار یونس کو دیکھتے اور فولو کرتے آئے ہیں۔
“Waqar Younis is who I looked up to!” 🙌
Razaullah on his inspirations after making his debut against England 🇵🇰 pic.twitter.com/qExA81D6q4
— Sky Sports Cricket (@SkyCricket) September 10, 2026
انہوں نے کہا ’’میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ وقار بھائی کی طرح بنوں، انشااللہ اگر اللہ نے چاہا تو اسی طرح آگے بھی پرفارم کرتا رہوں گا اور آخر تک وقار بھائی کو ہی فولو کروں گا‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا ’’میں ہمیشہ انجوائے کرتا ہوں اور زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں جب کہ میری ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ کسی نہ کسی سے کچھ سیکھ لوں‘‘۔


















