Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اچھا جیون ساتھی ہی عورت کا نصیب کیوں؟ صنم سعید نے معاشرتی سوچ پر سوال اٹھا دیا

’شادی کے علاوہ بھی عورت کا نصیب خوبصورت ہوسکتا ہے‘

پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے خواتین کے نصیب اور زندگی میں کامیابی کے حوالے سے ایک معنی خیز پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت کا اچھا نصیب صرف شادی یا اچھا جیون ساتھی ملنے تک محدود نہیں ہوتا۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر ’’آپ کا نصیب شادی سے کہیں بڑھ کر ہے‘‘ کے عنوان سے ایک پیغام شیئر کیا جس میں بیٹیوں کے مستقبل اور ان کی خوشیوں سے متعلق معاشرتی سوچ پر توجہ دلائی گئی ہے۔

شیئر کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ جب کسی گھر میں بیٹی پیدا ہوتی ہے تو والدین عموماً اس کے اچھے نصیب کی دعا کرتے ہیں تاہم اکثر اس دعا کو صرف اچھے رشتے اور جیون ساتھی کے حصول تک محدود کردیا جاتا ہے۔

پیغام کے مطابق محبت کرنے والے والدین، تعلیم کے مواقع، حلال روزگار، مخلص دوست اور دوسروں کی مدد کرنے کی توفیق بھی زندگی کی اہم نعمتیں ہیں۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کی ہدایت، عبادت کی توفیق اور دل کا سکون بھی بہترین نصیب کی علامتیں ہیں۔

پیغام میں محبت، عزت اور جذباتی تحفظ پر مبنی ازدواجی زندگی کو ایک خوبصورت نعمت قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا گیا ہے کہ شادی کو ہی عورت کی پوری زندگی اور قسمت کا محور کیوں سمجھا جاتا ہے؟

صنم سعید کی جانب سے شیئر کیے گئے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ بیٹی کا نصیب صرف اس گھر تک محدود نہیں جہاں اس کی شادی ہوگی بلکہ اس کی زندگی اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں اور امکانات سے بھرپور ہے۔

پیغام میں والدین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کے لیے صرف اچھے رشتے کی دعا نہ کریں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں ان کی خوشی، کامیابی اور بھلائی کے لیے بھی دعاگو رہیں۔

اداکارہ نے اس پیغام کا اختتام اس دعا کے ساتھ کیا کہ اللہ تعالیٰ تمام بیٹیوں کو زندگی کے ہر پہلو میں خوبصورت نصیب عطا فرمائے، آمین۔

متعلقہ خبریں