راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 10 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ آئی ای ڈی دھماکے میں 6 جوان بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں خوارج کے خلاف مختلف کارروائیاں کی گئیں۔
شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔
دوسری جانب ہنگو میں ایک اور جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ 17 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی سے حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ یہ دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے سے مزید بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فتنہ و دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سیکیورٹی فورسز نے وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مہم پوری رفتار سے جاری رکھنے کا عزم کیا اور کہا کہ شہید جوانوں کی قربانیاں ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
















