اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہونہار اور مستحق طلبا کو میرٹ پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دانش یونیورسٹی پاکستان کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دانش یونیورسٹی بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کی بدولت ملک بھر اور پورے خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی، دانش یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔
اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وزیراعظم کی مختلف ہدایات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی آسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ دانش یونیورسٹی کے لیے بہترین اور باصلاحیت فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے، ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کو دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورچوئل اسکول میں کامیاب طلبا کو پانچ ماہ کے دورانیے کے 100 فیصد مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 40 سے زیادہ شہروں میں 24 اکتوبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔ دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل ہو جائے گی اور اس میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 کو ہوگا۔
بریفنگ کے مطابق دانش یونیورسٹی میں ابتدائی مرحلے میں بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی و سماجیات پر مبنی جدید تعلیمی پروگرام شروع کیے جائیں گے، طلبا کو یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم شروع کرنے کی ضروری تیاری و معاونت کے لیے برج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جو 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ممبر قومی اسمبلی اسامہ سرور، چیئرمن بورڈ آف ٹرسٹیز دانش یونیورسٹی عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

















