ریاض ایئرپورٹ پر حملوں کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی دارالحکومت کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کردیں، تاہم سعودی عرب کے دیگر شہروں کے لیے پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے پی آئی اے کی ریاض کے لیے پروازوں کی عارضی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دیگر پروازوں کی بندش سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
پی اے اے کے مطابق سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور صرف ریاض کے لیے پی آئی اے کی پروازیں عارضی طور پر معطل کی گئی ہیں۔ اتھارٹی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ پروازوں کی معطلی کب تک برقرار رہے گی۔
یہ پیش رفت جمعرات کو ریاض ایئرپورٹ پر حملوں کے بعد سامنے آئی ہے، جن کے نتیجے میں سعودی حکام کے مطابق 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ حملوں میں سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے کو بھی نقصان پہنچا، جس کے بعد متعدد ایئرلائنز نے سعودی دارالحکومت کے لیے پروازیں منسوخ کردیں۔
دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کی فضائی حدود سے گزرنے والے طیاروں کے خلاف دھمکیوں کا اعادہ کیا ہے، تاہم مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے اوپر سے پرواز کرنے والے طیاروں کو ان دھمکیوں سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔
ادھر یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے بھی ریاض ایئرپورٹ پر حالیہ حملوں اور شہری ہوا بازی کو لاحق خطرات کے پیش نظر اس فضائی علاقے کو مزید وسیع کردیا ہے جس کے اوپر سے پرواز نہ کرنے کی ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے ریاض کے لیے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔
















