پاکستان میں 92 معدنیات دریافت ہوچکی ہیں جن میں سے 52 معدنیات تجارتی بنیادوں پر نکالی جارہی ہیں جب کہ ملک کے معدنی ذخائر کا تخمینہ 8 ٹریلین ڈالر لگایا گیا ہے۔
پاکستان کی معدنی صنعت کا ملکی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں حصہ 3 فیصد سے بھی کم ہے۔ ملک میں معدنی شعبے کی ترقی اور عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 منعقد کیا جائے گا۔
ریکوڈک منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا غیر ملکی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے جس کے پہلے مرحلے میں پیداوار 2028 کے اختتام تک شروع ہونے کی توقع ہے۔
منصوبے سے سالانہ 2 لاکھ 40 ہزار ٹن تانبا اور 2 لاکھ 97 ہزار اونس سونا پیدا ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان اور امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز کے درمیان اہم معدنیات کی ترقی کے معاہدے بھی ہوئے ہیں جب کہ مؤثر پالیسیوں کے ذریعے معدنی برآمدات 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 8 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معدنی صلاحیت سے روشناس کرائے گا۔ یہ فورم 12 اور 13 نومبر 2026 کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

















