آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاستی پولیس نے بتایا کہ حادثہ جمعہ کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 55 منٹ پر پیش آیا۔ طیارہ سڈنی سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع قصبے سکون کے ایک چھوٹے ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں طیارے پر سوار دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تاہم تاحال ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو اور تفریحی ہوا بازی کے ادارے ریکریشنل ایوی ایشن آسٹریلیا کو بھی حادثے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے مطابق حکام حادثے سے متعلق معلومات اکٹھی کررہے ہیں تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔



















