Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روزمرہ زندگی میں اضطراب کا سبب بننے والی عام سی وجوہات بھی جان لیں

بعض اوقات یہ کیفیت نامناسب وقت پر شدت اختیار کرلیتی ہے اور روزمرہ زندگی کے معمولات کو انجام دینا مشکل ہوجاتا ہے

 بے چینی یا اضطراب ایک ایسی ذہنی کیفیت ہے جو انسان کو مسلسل تناؤ، خوف، گھبراہٹ اور پریشانی میں مبتلا رکھتی ہے اضطراب کی صورت میں جو علامات سامنے آتی ہیں ان میں پسینہ آنا، دل کی دھڑکن کا تیز ہونا اور خوف محسوس شامل ہیں۔

بعض افراد کو اضطراب کے باعث پینک اٹیک کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ سینے میں درد سمیت مختلف جسمانی علامات بھی ظاہر ہوسکتی ہیں۔ بعض اوقات یہ کیفیت نامناسب وقت پر شدت اختیار کرلیتی ہے اور روزمرہ زندگی کے معمولات کو انجام دینا مشکل ہوجاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اضطراب کی وجوہات ہر فرد میں مختلف ہوسکتی ہیں تاہم کچھ عام عوامل ایسے ہیں جو اکثر لوگوں میں بے چینی یا  اضطراب کا سبب بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سانس لینے کا یہ سادہ طریقہ آپ کو اضطراب سے نجات دلا سکتا ہے، تحقیق

ذاتی صحت کے حوالے سے خدشات

بعض اوقات انسان کو یہ خوف لاحق ہوجاتا ہے کہ اس کے جسم میں کوئی بیماری یا خرابی موجود ہے۔ جسمانی علامات بھی بے چینی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

دل کی دھڑکن تیز ہونا، سانس لینے میں دشواری، پسینہ آنا اور جسمانی کمزوری جیسی علامات انسان کو اپنی صحت کے حوالے سے مزید پریشان کرتی ہیں جس سے اضطراب کا ایک مسلسل سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

 اپنے پیاروں کے حوالے سے پریشانی

اپنے بچوں، اہل خانہ اور قریبی دوستوں کو کسی نقصان یا مشکل میں دیکھنے کا خوف بھی بے چینی کی ایک عام وجہ ہے۔

بعض افراد نہ صرف اپنے پیاروں کے ساتھ کسی ناخوشگوار واقعے کے پیش آنے سے خوفزدہ رہتے ہیں بلکہ یہ سوچ کر بھی پریشان ہوتے ہیں کہ اگر ایسا کچھ ہوگیا تو وہ اس صورت حال کا سامنا کیسے کریں گے۔

یہ کیفیت خصوصاً ان افراد میں زیادہ دیکھی جاسکتی ہے جو دوسروں کی دیکھ بھال اور ذمہ داریاں نبھا رہے ہوتے ہیں۔ ایسے افراد اکثر دوسروں کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی کے مسائل سے بھی نبرد آزما ہوتے ہیں۔

 مالی مشکلات

مالی مسائل بھی اضطراب کی اہم وجوہات میں شامل ہیں چونکہ پیسہ بنیادی ضروریات اور بقا سے جڑا ہوتا ہے، اس لیے مالی وسائل کی کمی انسان میں عدم تحفظ اور خطرے کا احساس پیدا کرتی ہے۔

بچت، ملازمت کا تحفظ، تنخواہ، قرضوں کی ادائیگی اور دوسروں کے مالی حالات سے اپنا موازنہ کرنا بھی ذہنی دباؤ اور بے چینی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

کیفین کا استعمال

کیفین سمیت بعض مشروبات کا استعمال اضطراب کی کیفیت کو مزید بڑھا سکتا ہے۔تحقیق مطابق کیفین سے حساس افراد میں تقریباً دو کپ کافی کا استعمال بے چینی اور پینک اٹیک کے امکانات میں اضافہ کرسکتا ہے۔

اسی طرح بعض افراد سکون حاصل کرنے کے لیے کینابس جیسی اشیا استعمال کرتے ہیں، تاہم یہ بھی بعض صورتوں میں اضطراب کو بڑھا سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق بے چینی کم کرنے کے لیے ایسی اشیا پر انحصار کرنا الٹا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

 نیند کی کمی

روزانہ تجویز کردہ تقریباً سات گھنٹے کی نیند پوری نہ ہونا بھی اضطراب میں اضافے کی ایک اہم وجہ ہے۔

تحقیق کے مطابق نیند کی کمی کے باعث ان افراد میں بھی بے چینی بڑھ سکتی ہے جو پہلے سے کسی اضطرابی عارضے کا شکار نہیں ہوتے۔

نیند کی کمی اضطراب کو جنم دے سکتی ہے، جبکہ دوسری جانب اضطراب نیند کے مسائل پیدا کرتا ہے۔ یوں ایک ایسا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جس سے نکلنا مشکل ہوسکتا ہے۔

حالات پر اختیار نہ ہونا

کسی صورت حال پر اپنا اختیار نہ ہونا بھی بہت سے لوگوں میں بے چینی کا سبب بنتا ہے خصوصاً کورونا وائرس کی عالمی وبا جیسے بڑے واقعات کے دوران لوگوں کو غیر یقینی صورت حال اور بے اختیاری کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ذہنی دباؤ میں اضافہ ہوا۔

ماہرین کے مطابق حالات پر قابو نہ ہونے کا احساس انسان کے لیے ذہنی طور پر مشکل ہوتا ہے اور مستقبل کے حوالے سے خوف اور پریشانی کو جنم دے سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں