پاکستان اور تاجکستان کی افواج کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق ’’دوستی تھری‘‘ کامیابی سے مکمل ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق کی تیسری قسط 26 اکتوبر 2026 کو شروع ہوئی تھی، جس کا اختتام چیرات میں قائم اسپیشل آپریشنز اسکول میں ہوا۔
مشق میں انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تجربات کے تبادلے، آپریشنل مشقوں اور طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔ اس دوران دونوں ممالک کے فوجی اہلکاروں نے باہمی تربیت اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشقیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوستی تھری مشق پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کی عکاس ہے، جبکہ اس سے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے۔















