چین کے شہر نانجنگ میں منعقدہ 13ویں انٹرنیشنل آرمی کیڈٹس ویک میں پاکستانی کیڈٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی ٹیموں میں پہلی جبکہ مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
چین کی آرمی انجینئرنگ یونیورسٹی میں ہونے والے اس ایونٹ میں پاکستان سمیت 11 ممالک کی فوجی اکیڈمیوں اور چین کی 18 فوجی اکیڈمیوں کے کیڈٹس نے شرکت کی۔
پاکستان کے کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کے کیڈٹس نے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے 11 ممالک کی بین الاقوامی ٹیموں میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ 29 چینی اور بین الاقوامی ٹیموں کے درمیان مجموعی مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل اپنے نام کیا۔
پاکستانی کیڈٹس کی ٹیم نے مقابلے کی کانسیپٹ اینڈ پیپر کیٹیگری میں اپنا منصوبہ ’’باکسر اَن مینڈ گراؤنڈ وہیکل‘‘ پیش کیا، جسے ایونٹ میں نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی۔
مقابلوں میں میانمار، آذربائیجان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، مصر اور ویتنام سمیت دیگر ممالک کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔















