Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کے الزامات مسترد، پاکستان کا اقوام متحدہ میں دوٹوک جواب

بھارت میں ہندوتوا سے متاثر انتہا پسندی اور مذہبی بنیاد پرستی پر مبنی نظام پوری دنیا کے سامنے ہے

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے عائد کردہ بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے تنہائی اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت ہیں، بھارتی الزامات کسی توجہ کے مستحق نہیں اور پاکستانی نمائندے نے اسی اجلاس میں ان کا مؤثر جواب دیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے آبی وسائل کے خلاف بھارتی آبی دہشت گردی پر جائز تحفظات کا جواب دینے کے بجائے بھارت پاکستانی اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔ پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کی مخالفت اور ملک کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی بھارتی کوششیں بھی واضح ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی اور معاونت کر رہا ہے، جس کے شواہد پاکستان کے پاس موجود ہیں۔ بھارتی دہشت گردی کا مقصد پاکستان میں ترقیاتی عمل کو روکنا اور مقامی آبادی کو قدرتی وسائل کے فوائد سے محروم رکھنا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت میں ہندوتوا سے متاثر انتہا پسندی اور مذہبی بنیاد پرستی پر مبنی نظام پوری دنیا کے سامنے ہے، جبکہ مسلمان، سکھ، مسیحی اور دلت اقلیتیں منظم امتیازی سلوک کا سامنا کر رہی ہیں۔ بھارت ریاستی پالیسی کے طور پر گمراہ کن پروپیگنڈے اور دہشت گردی میں بھی ملوث ہے۔

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا اقدام مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی واضح مثال ہے۔ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل اور تمام فریقین کے لیے لازم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026 کے متفقہ فیصلے میں قرار دیا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی یا خاتمے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔ بھارت کا اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی پاسداری سے متعلق سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو بے بنیاد الزامات کے لیے استعمال کرنے کے بجائے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے بھارت کو دوسروں پر انگلی اٹھانے کا کوئی حق نہیں۔ بھارت کو پاکستان کے خلاف الزامات اور حقائق مسخ کرنے کے بجائے اپنے طرز عمل کا جائزہ لے کر اسے تبدیل کرنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں