بھارتی فلمی صنعت کی دو تنظیموں نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی بھارت میں اسٹریمنگ روکی جائے۔
بھارتی فلم و ٹیلی وژن ہدایت کاروں کی انجمن کے صدر اشوک پنڈت نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارتی حکومت نے مداخلت نہ کی یا نیٹ فلکس نے ان کے اعتراضات پر توجہ نہ دی تو فلمی کارکنوں کی فیڈریشن نیٹ فلکس کے ساتھ عدم تعاون کا فیصلہ کر سکتی ہے۔
پنڈت نے بھارتی اخبار دی فری پریس جرنل کو انٹرویو میں کہا کہ اگر عدم تعاون کا فیصلہ ہوا تو فلمی کارکن اور تکنیکی عملہ بھارت میں نیٹ فلکس کے منصوبوں پر کام کرنے سے انکار کر دیں گے جس سے شوٹنگ متاثر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ سیریز سے وابستہ بعض پاکستانی اداکاروں نے بھارتی فوجی کارروائی ’’آپریشن سندور‘‘ کے دوران بھارتی سکیورٹی فورسز کا مذاق اڑایا تھا۔
آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے منگل کو مودی کو خط لکھا جبکہ فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز (FWICE) نے بدھ کو معاملہ اٹھایا۔
دونوں تنظیموں نے اپریل 2025 کے پہلگام حملے کے بعد بھارتی وزارتِ اطلاعات و نشریات کی 8 مئی 2025 کی ہدایت کا حوالہ دیا جس میں اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے پاکستانی مواد کی نشریات بند کرنے کو کہا گیا تھا۔
اے آئی سی ڈبلیو اے نے پاکستانی مواد کی بھارت میں اسٹریمنگ روکنے کے لیے مستقل قانون بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
25 نومبر تک اس مخصوص سیریز پر پابندی کا کوئی نیا سرکاری حکم سامنے نہیں آیا۔ پہلے حصے کی ریلیز 4 دسمبر 2026 کو شیڈول ہے تاہم بھارت میں اسی تاریخ کو اس کی دستیابی کی تصدیق نہیں ہوئی۔ خبر کی اشاعت تک نیٹ فلکس اور بھارتی وزیراعظم کے ترجمان نے روئٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست پر فوری جواب نہیں دیا تھا۔
’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ فرحت اشتیاق کے اسی نام کے ناول پر مبنی ہے۔ مومنہ درید نے سیریز پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی ہے۔ اس کی کہانی تین نسلوں سے تعلق رکھنے والے چھ جوڑوں اور ان کے باہم جڑے رشتوں کے گرد گھومتی ہے۔
فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید اور ہانیہ عامر سمیت کئی پاکستانی فنکار کاسٹ میں شامل ہیں جبکہ سیریز کا آفیشل ٹریلر 24 نومبر کو جاری کیا گیا۔













