Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روسی نوجوان نے متروک ہوائی جہاز کو لگژری گھر میں تبدیل کردیا

اگرچہ دنیا بھر میں مسافر طیارے متروک ہونے کے بعد کسی نہ کسی کام آجاتے ہیں۔ انہیں گھر، ریستوران اور میوزیئم میں تبدیل کیا جاتا ہے لیکن ایک روسی ڈویلپر نے اسے ایک شاندارلگژری گھر میں تبدیل کردیا ہے جہاں سیاحوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔

یہ ایک بوئنگ 737 جہاز ہے جسے انڈونیشیا کے شہر بالی میں ایک بلند مقام پر رکھا گیا ہے۔ پہاڑکی چوٹی پر رکھے اس جہاز سے بالی کا حسین ساحل دکھائی دیتا ہے۔ اندر دوشاندار کمرے ہیں اور اس کی تیاری میں تین برس لگے ہیں۔ یہ فیلکس ڈیمنز کا کارنامہ ہے۔

سب سے بڑی مشکل جہاز کو پہاڑ پر لے جانا تھا جہاں انڈونیشیا کے مشہور معلق باغات بھی موجود ہیں۔ یہ ایک شاندار جزیرہ ہے جہاں دنیا بھر کے لوگ آتےہیں۔ فیلکس نے جہاز کو ٹکڑوں کی شکل میں چوٹی کے سرے تک پہنچایا اور وہاں زمین ہموار کرکے اسے جوڑا جو ایک مشکل ترین امر تھا جس میں دو ماہ کا عرصہ لگا۔

ڈیمنز نے بتایا کہ اس نے بوئنگ ٹیم سے مدد لی جس نے کہا کہ کم سے کم 50 ہزار نٹ اور بولٹ کھول کر ہی جہاز کو بلندی تک لے جایا جاسکتا ہے۔ اس عمل میں انہیں کئی راتیں جاگ کر گزارنا پڑیں اور مسلسل کام کرتے رہے۔

اس کے کاک پٹ کو باتھ روم میں بدلا گیا ہے۔ اندر دو شاندار کمرے، آرام دہ بستر اور تمام سہولیات موجود ہیں۔ جہاز کے بازووں کو شفاف بناکر کر ٹیرس کی شکل دی گئی ہے۔

اپریل 2023 میں اس کا افتتاح ہوا لیکن اب یہ سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ تاہم یہ بہت مہنگا بھی ہے کیونکہ ایک رات کا کرایہ 1600 ڈالر ہے جبکہ دیگر سہولیات ملائی جائیں تو پیکج سات ہزار ڈالر تک ہے ۔