Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دبئی کی فضاؤں میں آئرن مین اڑنے لگے

دبئی ایئرپورٹ کے رن وے سے ایک ساتھ کئی آئرن مین نے گرجدار آواز کے ساتھ فولادی سوٹ کے ساتھ اڑان بھری اور ایک خوبصورت سماں باندھ دیا۔

دبئی میں منعقد ہونے والی دنیا کی یہ پہلی جیٹ سوٹ ریس تھی جس میں ماہر پائلٹ نے حصہ لیا۔ اس ریس میں آئرن مین جیسے جیٹ سوٹ کو ہاتھوں سے کنٹرول کرتے ہوئے ایئرپورٹ سے فضائی پرواز شروع ہوئی اور بلند عمارات سے ہوتی ہوئی دبئی مارینا پر ختم ہوگئی۔

واضح رہے کہ آئرن مین کا تصور پہلے ایک کامک بک میں پیش کیا گیا تھا ۔ پھراس پر فلم بنائی گئی جس میں رابرٹ ڈونی جونیئر نے ہیرو کا کردار ادا کیا تھا۔ اس مقابلے میں تمام شرکا نے عین آئرن مین کا لباس پہنا ہوا تھا۔

اس مقابلے کے روح رواں وار چیف ٹیسٹ پائلٹ رچرڈ براوننگ نے کہا ہے کہ یہ ایک خواب کی تعبیر ہے جس میں آپ سوچ کے ساتھ پرواز کرسکتے ہیں۔ ان کی کمپنی گریوٹی کارپوریشن اس سے قبل برطانیہ میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہے۔ تاہم یہ کمپنی عسکری مقاصد کے لیے جیٹ سوٹ تیار کرتی ہے۔