وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کرسٹی میک نیل سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری، توانائی اور برآمدات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان میں مالیاتی استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے برآمدات پر مبنی ترقی، ٹیکس و ٹیرف اصلاحات، آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور فری لانسرز کی مہارتوں کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
محمد اورنگزیب نے ریمیٹ کے ذریعے برطانیہ کی معاونت اور ریفارمز فار گروتھ پروگرام میں تعاون کو سراہا، جبکہ برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں نجکاری، ہوائی اڈوں کے انتظامات آؤٹ سورس کرنے اور ہوا بازی کے شعبے میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس دوران ایئربس اور رولز رائس کے ساتھ ممکنہ اشتراک کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں جانب سے شمسی توانائی کے فروغ، بیٹری اسٹوریج، بجلی کے ترسیلی نظام کو مستحکم بنانے اور توانائی کی منتقلی کے لیے برطانیہ کی تکنیکی معاونت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے موسمیاتی مالی معاونت تک آسان رسائی اور قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں کی تیاری کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ نے آفات سے نمٹنے کی تیاری اور برج اقدام کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

















