عمران خان کی جانب سے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عدالت نے عمران خان کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کی جانب سے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عمران خان کی جانب سے خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق کیس، سینئر سول جج رانامجاہدرحیم نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنادیا، عمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی گئی#ImranKhan #BOLNews pic.twitter.com/JZnFdLzL4n
— BOL Network (@BOLNETWORK) February 13, 2023
دوران سماعت عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا اور پراسیکوٹر رضوان عباسی عدالت پیش ہوئے اور عمران خان کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون جج دھمکی کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی مستقل ضمانت منظور
اس موقع پر وکیل نعیم پنجوتھا کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دے رہی کہ اسلام آباد آئیں، ان کو ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیاہے۔
اس موقع پر پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان پر فریکچر کے باعث سوزش ہے تو کیا عمران خان کو عدالت پیدل چلنے آنے کا کہا گیا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کچہری کے باہر آئیں، ان کی حاضری لگائی جاسکتی ہے تاہم پراسیکوٹر نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی بھی مخالفت کردی اور استدعا کی کہ عمران خان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کیے جائیں اور وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست سمیت پراسیکوٹر کی جانب سے عمران خان کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
سینئر سول جج رانا مجاہد رحیم نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے جبکہپراسیکوٹر کی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی۔




















