Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور ہائی کورٹ بار کے انتخابات؛ پی ٹی آئی کا حمایت یافتہ گروپ کامیاب

لاہور ہائیکورٹ بار کے بائیومیٹرک اتخابات میں پی ٹی آئی کا حمایت یافتہ حامد خان گروپ کامیاب ہوگیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ بار کے بائیومیٹرک اتخابات کے لیے آج پولنگ ہوئی جس میں 26 ہزار 43 رجسٹرڈ وکلاء ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

بائیو میٹرک طریقے سے انتخابات کے لیے سات پولنگ اسٹیشنز پر 101 بائیو میٹرک مشینیں نصب کی گئی تھی جب کہ پولنگ کاعمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے سے جاری رہا۔

چیئرمین الیکشن بورڈ عمران مسعود نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا جب کہ لاہور ہائی کورٹ بار کے اتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ حامد خان گروپ کے اشتیاق اے خان صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

ربیعہ باجوہ نائب صدر منتخب ہوئیں جب کہ مس صباحت علی سیکرٹری اور شاہ رخ شہباز وڑائچ فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ چار نشستوں پر چودہ امیدوار مدمقابل تھے، صدارتی امیدوار کے لیے اشتیاق اے خان اور لہراسب گوندل کا ون ٹو ون مقابلہ تھا۔

اشتیاق اے خان کو پروفشنل گروپ کی حمایت حاصل تھی جب کہ لہراسب گوندل کو انڈیپینڈنٹ گروپ کی حمایت حاصل تھی۔

نائب صدر کے عہدے پر چھ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جن میں ربیعہ باجوہ ، وارث علی سرویا، سردارعلی گہلن، افتخار احمد بھٹی، احمد خان گوندل  اور رؤف احمد شامل تھے۔

سیکرٹری کی نشست پر مس صباحت علی رضوی، میاں عرفان علی اور قادربخش آمنے سامنے تھے جب کہ فنانس سیکرٹری کی نشست پر شاہ رخ شہباز وڑائچ ، اعجاز احمد بوسال اور عادل نعیم شیخ مدمقابل تھے۔

نومنتخب صدر کا خطاب

نومنتخب صدر لاہور ہائی کورٹ بار اشتیاق اے خان کا وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وکلاء کی خدمت مشن بار اور بینچ کے درمیان فاصلے ختم کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے تقدس پر آنچ برداشت نہیں کریں گے، جمہوریت کی اساس مضبوط نظام عدل ہے۔ انصاف کی فراہمی کےعمل میں عدلیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔

حامد خان گروپ کے عہدیداروں کی جیت پر وکلاء نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی اور کون بچائے گا پاکستان، عمران خان کے فلک شگاف نعرے لگائے جب کہ وکلاء نے عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو بھی کاندھوں پر اٹھالیا۔

فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ بار میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’پاکستان میں سپریم کورٹ آئین کی گارڈین ہے، آئین پاکستان کو سپریم کورٹ نے بچانا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے خلاف حکومتی پارٹی نے  تنقید شروع کردی ہیں، ایک ہی پارٹی نے ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سپریم کورٹ کو کمزور کررہے ہیں، اگر ادارے ہوں گے تو پاکستان ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کو کمزور کرنا سپریم کورٹ کو کمزور کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان بار کونسل کا وفد شہباز شریف سے ملاقات کرتا ہے اور وہ وفد شہباز شریف سے مراعات طے کرتا ہے، پھر آکر بینچ پر عدم اعتماد کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سو سے زائد کارکنان اور رہنما گرفتار ہیں جب کہ انہوں نے رہائی کی آفر کو مسترد کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں