Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری نے معافی مانگ لی

توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سے معذرت کر لی۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

فواد چوہدری ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن پیش ہوئے اور انہوں نے ذاتی حیثیت میں کمیشن سے معذرت کر لی۔

دوران سماعت وکیل فیصل چوہدری نے الیکشن کمیشن میں کہا کہ ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ غلط پتے پر بھیجے گئے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا علم تو ہوگیا۔

وکیل نے کہا کہ میں اکثر گھر پر نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہوا ہے، وہ  شو کاز نوٹس ہائی کورٹ میں چیلنج ہے جس کا فیصلہ محفوظ ہے، الیکشن کمیشن ہائی کورٹ کے فیصلے تک کیس پر کارروائی آگے نہ بڑھائے، اگلی سماعت پر شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرادیں گے۔

فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے سامنے کہا کہ میں بطور ترجمان اپنی سیاسی جماعت کا سفیر تھا، جو بیان دیا اس پر الیکشن کمیشن سے معذور کرتا ہوں، الیکشن کمیشن بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری معافی قبول کرے اور الیکشن کمیشن شوکاز نوٹس واپس لیکر کیس پر کارروائی ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی ایک ادارہ ہے اور میں ان کا ترجمان تھا، ذاتی حیثیت میں معذرت کر سکتا ہوں، میں قانونی کیسز میں نہیں پڑنا چاہتا، میں الیکشن کمیشن اور اس کے ممبران کی دل سے عزت کرتا ہوں، اس وقت پارٹی کی پوزیشن تھی جو میں نے بیان کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پارٹی چیف اگر آپ سے قتل کروائیں تو کیا آپ کردیں گے؟ پارٹی چیئرمین کوئی غلط بات کرے تو مان لیں گے؟

انہوں نے کہا کہ آپ کی جماعت نے الیکشن کمیشن اور میری ذات کے حوالے سے کیا کچھ نہیں کہا، میری بیوی کے بارے میں اوپن جلسے میں کہا گیا، میری فیملی کو دھمکیاں دیں اور بعد میں مکر گئے۔ ماحول ہم نے ہی ٹھیک کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن میری معذرت قبول کرتے ہوئے کیس کو ختم کرے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے الیکشن کمیشن میں پیش ہوکر زبانی طور پر معافی مانگ لی ہے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ معافی تحریری ہوتی ہے، اگر آپ تحریری طور پر معافی نامہ جمع کرائیں گے تو الیکشن کمیشن غور کرے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے فواد چوہدری کو تحریری طور پر معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں