Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہباز گِل کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے شہباز گِل کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے دو صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ شہبازگِل پہلے کی طرح پھر سے عدالت سے غیر حاضر رہے۔

تفصیلی فیصلے میں عدالت نے کہا کہ شہبازگِل نے وارنٹ منسوخی اور وڈیولنک پر حاضری کی درخواست دی، وکیل کی صفائی کے مطابق شہبازگِل سخت علیل ہیں، عدالت نہیں آسکتے۔

عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بغیر عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیشی کے بغیر ختم نہیں کی جاسکتی۔ مخصوص وقت کے لیے بیرونِ ملک جانے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی شہبازگِل نے خلاف وزری کی ہے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ پولیس نے شہبازگِل کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی، پولیس کے مطابق شہبازگِل کی رہائشگاہ پر گرفتاری کرنے کی کوشش کی گئی۔

عدالت نے کہا کہ پولیس کے مطابق شہبازگِل کی رہائشگاہ اور عدالت کے باہر اشتہاری قرار دینے کی کاروائی سے متعلق اشتہار چسپاں کردیا گیا، شہبازگِل جان بوجھ کر اپنی گرفتاری سے بھاگ رہے ہیں۔

تفصیلی فیصلے میں جج طاہرعباس سِپرا نے کہا کہ شہبازگِل کو عدالت اشتہاری قرار دیتی ہے۔ شہبازگِل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جاتے ہیں۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ نادرہ کی رپورٹ کے مطابق شہبازگِل کا شناختی کارڈ بھی بلاک کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسلام آباد شہبازگِل کی جائیداد سے متعلق رپورٹ 31 جولائی تک عدالت میں جمع کروائیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں