Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

9 مئی واقعات؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ریلیف کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 مئی سے متعلقہ مقدمات، جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز اور جعل سازی کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ریلیف کی درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانت خارج کرنے کے فیصلوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر وکیل اسلام آباد پولیس نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی کسی اور مقدمہ میں گرفتاری نہیں ہوئی، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے مقدمات کی تفصیلات بھی مانگی تھیں جو آپ کے ڈیپارٹمنٹ نے دینی ہیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ میں ایک چھوٹی سی مشکل آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، ان کیسز میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر نہیں کی، ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے خود عدالت پیش نہیں ہو سکتے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ درخواستوں پر سماعت آئندہ جمعرات تک ملتوی کر دیتے ہیں۔

سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت آئندہ سماعت تک کسی اور کیس میں گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کرے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم ایسا نہیں کریں گے، پولیس سے رپورٹ مانگ لی ہے جو آ جائے گی۔

پولیس کی طرف سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ جمع نہ کرائی جاسکی، پولیس نے رپورٹ جمع کرانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے مزید وقت مانگ لیا۔

وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چھ ماہ سے ہم مقدمات کی تفصیل مانگ رہے ہیں جو کہ نہیں دی جا رہی، ہم اس وقت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر نہیں کر سکتے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ اس کیس کیلئے اسپیشل پراسیکیوٹرز نے پیش ہونا ہے، جس پر سلمان صفدر نے کہا کہ سائفر کیس میں بھی تین اسپیشل پراسیکیوٹرز کے سامنے دلائل دے کر آ رہا ہوں، لگتا ہے ہمارے لئے اسپیشل  پراسکیوٹرز کا لیتھل کمبینیشن لایا گیا ہے، ان درخواستوں پر فیصلے تک چیئرمین پی ٹی آئی کو ان مقدمات میں گرفتاری سے روکا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی عبوری ریلیف کی درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسی کوئی روایت نہیں ڈالنا چاہتے، یہ آرڈر نہیں کریں گے، پولیس کا کسی اور کیس میں گرفتاری نہ ڈالنے کا بیان آرڈر میں لکھوا دیتے ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت آئندہ جمعرات تک ملتوی کردی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں