Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ کا قیدیوں کی پروبیشن پر رہائی کے قوانین پر فوری عملدرآمد کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے قیدیوں کی پروبیشن پر رہائی کے قوانین پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس اطہر من اللہ نے قیدیوں کی پروبیشن پر رہائی کے قوانین سے متعلق تحریر کردہ پانچ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ پروبیشن پر رہائی کے قوانین کا فعال ہونا یقینی بنائیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو پروبیشن کے اہل تمام افراد کی رہائی یقینی بنانے کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کی جیلوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے کی وجہ سے آئینی حقوق کی فراہمی ناممکن ہوچکی ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق جیلوں میں عدم سہولیات کا شکار افراد کی اکثریت غریبوں کی ہے، غریب لوگوں کو ریاست بھی سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے کردار ادا نہیں کر رہی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ فوجداری نظام بااثر افراد کے ہاتھوں کمزوروں کے استحصال اور انصاف کی عدم فراہمی کی اجازت دیتا ہے، آئین کے تحت چلنے والے معاشرے میں جیلوں کی ایسی حالت زار ناقابل برداشت ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ قیدیوں کو آزادانہ نقل و حرکت کے علاوہ تمام آئینی حقوق حاصل ہوتے ہیں، تاہم ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر قیدی کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں