Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سائفر کیس؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اوپن کورٹ سماعت کا فیصلہ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اوپن کورٹ سماعت کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کی اِن کیمرہ سماعت کی درخواست نمٹا دی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ایف آئی اے کی متفرق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اوپن کورٹ سماعت کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ حساس معلومات کی نشاندہی پر سماعت کو اِن کیمرہ کیا جا سکتا ہے۔

گزشتہ سماعت کا احوال

2 اکتوبر 2023 کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر ان کیمرہ سماعت کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دوران سماعت ایف آئی اے پراسکیوٹر شاہ خاور نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ درخواست ضمانت پر سماعت بھی اِن کیمرہ کی جا سکتی ہے، کچھ بیانات اور کچھ مواد ایسا ہے جسے پبلک میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ دوسرے ممالک سے متعلق بیانات بھی عدالت کے سامنے رکھنے ہیں، ایسے بیانات اوپن کورٹ میں سامنے لانے سے دوسرے ممالک سے تعلقات خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا تھا کہ عدالت درخواست ضمانت پر فیصلہ لکھے گی تو وہ تو پبلک ہو گا، جب فیصلہ پبلک ہو گا تو پھر سماعت اِن کیمرہ کیوں کی جائے۔

چیف جسٹس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدالتی کارروائی براہ راست دکھانے کا عندیہ دیدیا تھا اور کہا تھا کہ لائیو اسٹریمنگ ہو گی ضرور ہو گی، ہم نے یہ معاملہ فُل کورٹ کے سامنے رکھا ہے۔

واضح رہے کہ 1 اکتوبر 2023 کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی درخواست ضمانت پر سماعت ان کیمرہ کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی متفرق درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی تھی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں