Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔

نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح اور پلیڈر رانا عرفان، نیب پراسیکیوٹر عرفان بھولا اور سہیل عارف عدالت میں پیش ہوئے۔

نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے سوالنامہ کا جواب داخل کردیا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ جو ریفرنس تیار کیا اس میں نواز شریف کی گاڑی لکھی جس کی واپسی کا کوئی ریکارڈ نہیں، کوئی دستاویز موجود نہیں کہ نواز شریف نے کوئی بھی گاڑی مانگی ہو۔

نیب پراسیکیوٹر نے تصدیق کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ نوازشریف کی جانب سے جواب جمع ہو گیا ہے، یہ تفتیشی نے بتا دیا ہے، مزید کارروائی ہو گی، اس کے لیے کچھ وقت درکار ہو گا۔

جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اب اس پر کیا کریں گے؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی نواز شریف کا بیان دیکھیں گے، پھر اس پر مزید کارروائی ہوگی۔

احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں