Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لینے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا واپس لینے اور انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے پی ٹی آئی کے عمر آفتاب ڈھلوں کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما عمر ڈھلوں نے تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لینے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کے بعد وفاقی حکومت کے وکیل اسد باجوہ نے درخواست کی مخالف کی تھی۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انٹر پارٹی الیکشن کے نتیجے میں گوہر پارٹی چیئرمین بن گئے،ہم نے الیکس نتائج کا رزلٹ الیکشن کمیشن کو دیے، الیکشن کمیشن نے نتائج تسلیم نہ کیے اور انتخابی نشان’ بلا ‘واپس لے لیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اس فیصلے کے خلاف ہم پشاور ہائی کورٹ گئے، پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا آرڈر معطل کر دیا۔

وکیل نے مزید کہا کہ ہمیں آر او کو وضاحت دینا پڑتی ہے کہ ہم تحریک انصاف سے ہیں، ہم نے صوبائی الیکشن کمیشن سے رجوع کیا مگر دادرسی نہ کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس پر اپنا حکم امتناع واپس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ بحال کردیا جس کے بعد پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس چھن گیا۔

متعلقہ خبریں