لاہور ہائی کورٹ نے آزاد امیدوار قرار دینے کے خلاف پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر سلمان اکرم راجہ کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سلمان اکرم راجہ کو آزاد امیدوار قرار دینے کے اقدام کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
سلمان اکرم راجہ کی جانب سے سمیر کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سلمان اکرم راجہ این اے 128 سے تحریک انصاف کا امیدوار ہیں، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کوآزاد امیدوار ظاہر کیا ہے، الیکشن کمیشن کا اقدام قانون کی واضع خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست گزار کو تحریک انصاف کے امیدوار کے طور پر فارم 33 میں درج کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے اور الیکشن کمیشن کو اس شکایت کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔




















