لاہور ہائیکورٹ نے این اے 119 لاہور سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے انتخابی نتائج روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوط کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے این اے 119 لاہور سے مریم نواز کے انتخابی نتائج روکنے کی درخواست کی سماعت کی جبکہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق کے وکیل آفتاب باجوہ نے دلائل دیے۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ مریم نواز فارم 45 کے مطابق ہار چکی ہیں، انہوں نے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ریٹرنگ افسر نے مبینہ طور پر مریم نواز کو فاتح قرار دیا، فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں۔
آزاد امیدوار شہزاد فاروق نے استدعا کی کہ عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یانہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوط کرلیا۔




















