لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمی خان حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ دوسری بہن علیمہ خان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، زین قریشی، اعظم خان سواتی، مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ سمیت دیگر نے بھی پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔
جج اے ٹی سی نے استفسار کیا کہ آپ کو کتنا وقت درکار ہے، لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال تو دو دن پہلے تھی؟ جس پر پولیس انسپکٹر نے جواب دیا کہ پولیس یکم محرم الحرام سے لیکر دس محرم تک لاء اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی کرتی ہے۔
عدالت نے جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراو کے دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دے دیا۔
بعدازاں عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 6 اگست تک توسیع کر دی۔




















