Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کیخلاف درخواست پر سماعت ملتوی

لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 7 مقدمات میں نامزد ہیں، باقیوں میں سپلمنٹری بیان میں عمران خان کو نامزد کیا گیا ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کتنے مقدمات میں نامزد ہیں اور کتنے مقدمات میں سپلمنٹری بیانات میں نامزد کیا گیا ہے۔

جسٹس انوار الحق پنوں نے وکیل سوال کیا کہ کب سپلمنڑی اسٹیٹمنٹ میں نامزد کیا کتنے چالان جمع ہوچکے ہیں کب جمع ہوئے باقیوں کی صورتحال کیا ہے، عدالت کے سامنے کیس کے حقائق بیان کریں۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ کیس کے بنیادی حقوق یہ ہیں کہ  نو مئی کو درخواست گزار اسلام آباد ہائیکورٹ میں موجود تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے بائیو میٹرک روم سے غیر قانونی طور پر درخواست گزار کو اغوا کیا گیا، سپریم کورٹ نے اس وقت بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری غیر قانونی قرار دی تھی۔

پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ نو مئی کے بعد 37 مقدمات درج ہوئے ہیں، لاہور کے 18 کیسز تھے جن میں 7 میں بانی پی ٹی آئی نامزد ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق 20 کیسز میں ضمنی بیانات کے ذریعے نامزد کیا گیا ہے جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ اب تو یہ 37 سے بھی آگئے جاچکے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر فریقین کے وکلاء کو مزید دلائل کے لئے طلب کرلیا اور مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں