ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عروبہ کومل کی ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عروبہ کومل کی 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
عروبہ کومل کی جانب سے وکیل سردار مصروف نے درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر دلائل دیے۔
سماعت کے دوران وکیل سردار مصروف نے کہا کہ مقدمے میں پہلے سے دو خواتین کی ضمانت منظور ہوچکی ہے، عروبہ کومل ایف آئی آر میں نامزد بھی نہیں ہیں۔
بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عروبہ کومل کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے دو روز قبل عروبہ کومل کو پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا تھا، ان کو گزشتہ روز ڈیوٹی مجسٹریٹ مرید عباس نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔




















