کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس یوسف علی سعید نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر درخواست گزار طارق منصور ایڈووکیٹ نے کہا کہ چھ ہفتوں بعد درخواست غیر موثر ہوجائے گی۔
جسٹس یوسف علی سعید نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ کیا چھ ہفتوں بعد نائب وزیراعظم کی تقرری ختم ہوجائے گی؟
سرکاری وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں پشاور اور لاہور ہائیکورٹ سے مسترد ہوچکی ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آئین میں ڈپٹی پرائم منسٹر کا کوئی عہدہ نہیں ہے، اسحاق ڈار کو 90 لاکھ روپے کے مساوی مراعات ملیں گی، آئین میں وزیر اعظم اور نگران وزیراعظم کے عہدے کے علاوہ ایسا کوئی عہدہ نہیں ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ فوری درخواست کی سماعت پر نوٹس کردیا ہے اگلی تاریخ پر کیس کا جائزہ لیں گے۔
بعدازاں عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور چھ ہفتوں میں فریقین تحریری جواب طلب کرلیا۔




















