راولپنڈی کی احتساب عدالت میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت بغیر کارروائی 23 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے کونسل اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ وکلاء صفائی آج آٹھویں مرتبہ تفتیشی افسر پر جرح نہیں کررہے، وکلاء صفائی تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔
سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، تین مرتبہ اگر گواہ پر جرح نہ ہو تو حق دفعا ختم ہو جاتا ہے،ہم نے تاحال حق دفاع ختم کرنے کی درخواست نہیں کی،عدالت وکلاء صفائی کو پابند کرے کہ وہ تفتیشی افیسر پر اپنی جرح مکمل کریں۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی جبکہ نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح نہ ہوسکی۔
بعدازاں عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی۔




















