اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پنجاب میں الیکشن ٹربیونلز کیس سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کر لی۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے پنجاب الیکشن ٹریبونل کیس کا محفوظ شدہ متفقہ فیصلہ جاری کیا۔
سپریم کورٹ نے ٹریبونلز کی تشکیل کا لاہور ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بینچ کا 12 جون 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کرلی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہائی کورٹ کے جج نے مدنظر چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس کی ملاقات نہ ہونا مدنظر نہیں رکھا، اگر ملاقات نہ ہونا مدنظر رکھتے تو ایسا فیصلہ نہ کیا جاتا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ تنازع جب آئینی ادارے سے متعلق ہو تو محتاط رویہ اپنانا چاہیے، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ بطور عدالتی نظیر کسی فورم پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔
سپریم کورٹ نے بتایا کہ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس عقیل عباسی نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے اضافی نوٹ لکھا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 12 جون کو پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کے لیے مزید 4 ججز کی تعینات کی درخواست کو مسترد کردیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔




















