اعلیٰ ثانوی بورڈ کراچی نے طلبہ کی آسانی کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ ثانوی بورڈ کراچی نے طلبہ کی آسانی کیلئے نظام کو جدید تقاضوں سے استوار کر کے انٹر بورڈ آفس میں سہولت مرکز قائم کر دیا ہے۔
سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کیا جس کے بعد مختلف فارم یا کاغذات سے طلبہ کو نجات مل گئی۔
چیئرمین انٹر بورڈ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ امیدوار اب صرف ایک فارم پُر کریں گے اور تمام مطلوبہ دستاویزات حاصل کر سکیں گے، کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کو مکمل پیپر لیس کرنے کیلئے بورڈ آفس میں فیسلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹر بورڈ آفس میں لمبی لائنوں سے طلبہ کی جان چھوٹ گئی، صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی کی ہدایت پر نقل کی روک تھام کیلئے کوسچن ائٹم ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ پر بھی کام شروع ہوگیا۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ نئے سیشن کے آغاز سے اساتذہ اور طلبہ کو ای مارکنگ اور او ایم آر کے حوالے سے پریکٹس کروائیں گے تاکہ اگلے سالانہ امتحان میں ہم ای مارکنگ اور او ایم آر کو عمل درآمد کروا سکیں۔
چیئرمین انٹر بورڈ نے کہا کہ کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے رواں سال کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے نتائج کیلئے چھ اسسمنٹ سینٹرز قائم کیے، رواں سال 2024 کے انٹر بورڈ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان اگست کا مہینہ گزرنے سے قبل ہو جائے گا۔




















