پاکستانی ڈائریکٹر احتشام الدین نے مرحوم اداکار شکیل یوسف کی آخری خواہش سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مایہ ناز لیجنڈری اداکار شکیل یوسف کے انتقال کے بعد معروف ڈائریکٹر احتشام الدین نے مرحوم کے ساتھ ہونے والی اپنی آخری گفتگو کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔
پاکستانی ڈائریکٹر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ شکیل یوسف کی خواہش تھی کہ ان کی زندگی کا آخری کھیل، ایک یاد گار کردار کرلیا جائے، جسے انور مقصود لکھیں اور احتشام الدین ڈائریکٹ کریں۔
احتشام الدین نے کہا کہ اس حوالے سے شکیل یوسف نے گزشتہ ماہ مجھ سے رابطہ کیا تھا اور میں نے ان کی اس خواہش کا احترام کرتے ہوئے اس درخواست کے ساتھ قبول کرلیا کہ اس کھیل کو آخری نہ کہا جائے۔
ڈائریکٹر کی بات کے جواب میں شکیل یوسف نے ان سے کہا تھا کہ ’آرٹسٹ ہوں اور جانتا ہوں کہ پردہ کب گرنے والا ہے اس لیے چاہتا ہوں کہ جس لائن پر پردہ گرے وہ لائن تماشائیوں کے ساتھ ہمیشہ رہے‘۔
خیال رہے کہ شکیل یوسف کا انتقال 29 جون 2023 کو 85 برس کی عمر میں علالت کے بعد ہوا جس کی وجہ سے ان کی آخری خواہش ادھوری ہی رہ گئی۔




















