Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عامر خان کی بیٹی ایرہ خان کا والدین کی طلاق سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کی بیٹی ایرہ خان کا والدین کی طلاق سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

حال ہی میں بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کی بیٹی ایرہ خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے والدین کی طلاق کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ جب والدین کے درمیان رشتہ ٹوٹا تو وہ پورا دن روئیں اور پھر روتے روتے سو گئیں، ان کے برتاؤ میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی تھی۔

ایرہ نے کہا کہ جب والدہ نے مجھ سے یہ بات کی کہ وہ زندہ نہیں رہنا چاہتیں تو میں نے دن بھر سونا شروع کردیا کہ میری زندگی کے دن گھٹتے چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی طلاق سے ان کو بے حد صدمہ ہوا یہاں تک کہ انہوں نے کسی کو اس حوالے سے نہیں بتایا۔ بس اندر ہی اندر اس دکھ کو برداشت کرتی رہیں۔

 عامر خان کی بیٹی نے کہا کہ اس وقت ذہنی دباؤ کی وجہ سے انہوں نے کھانا پینا چھوڑ دیا تھا اور ایسا ڈیڑھ برس تک رہا۔

  ایرہ نے کہا کہ جب اس ساری صورتحال کے حوالے سے انہوں نے معالج سے رابطہ کیا تو ڈاکٹر نے بتایا کہ یہ ذہنی دباؤ یا ڈپریشن ان کو موروثی طور پر ملا ہے۔ ان کے خاندان میں ایسی ہسٹری ہے۔

 بالی وڈ اسٹار عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے کچھ سال قبل بھی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے ڈپریشن کے ساتھ اپنی جنگ کے بارے میں بات کی تھی۔ ایرا نے بتایا تھا کہ انہیں 5 سال پہلے کلینیکل ڈپریشن کی تشخیص ہوئی۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان اور رینا دتا کی طلاق 2002 میں ہوئی۔ اس جوڑے کے دو بچے ایرہ خان اور جنید خان ہیں۔