بالی ووڈ کے معروف اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر ممبئی کے علاقے جوہو میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث مبینہ ملزمان کی تصاویر سامنے آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے وقوع کے قریب بنائی گئی تصویر میں دو افراد سفید شرٹس پہنے دکھائی دے رہے ہیں جن میں سے ایک نے پوما کے لوگو والی سیاہ ٹوپی پہن رکھی ہے۔ پولیس حکام دونوں مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے مختلف شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی ہے جسے ملزمان مبینہ طور پر فرار ہونے سے قبل اندھیری ریلوے اسٹیشن پر چھوڑ گئے تھے۔
View this post on Instagram
ابتدائی تحقیقات میں موٹرسائیکل کے ممبئی میں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفتیشی حکام اس کے رجسٹریشن ریکارڈ، نمبر پلیٹ، چیسز اور انجن نمبروں کی جانچ کررہے ہیں تاکہ ملزمان تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔
View this post on Instagram
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔ واردات میں دو نہیں بلکہ تین افراد ملوث تھے۔ فوٹیج میں ایک شخص کو متعدد گولیاں چلاتے جبکہ دوسرا بھی فائرنگ کی کوشش کرتے دکھائی دیتا ہے۔ تیسرا شخص موٹرسائیکل پر موجود رہا جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ ساتھیوں کو فرار ہونے میں مدد فراہم کررہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شام پیش آیا جب 36 سالہ ٹائیگر شروف فٹبال کھیلنے کے بعد واپس جارہے تھے۔ اداکار اس حملے میں محفوظ رہے تاہم ان کے ڈرائیور فردوس اور چوہان نامی رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے دوران اداکار گاڑی میں اپنی نشست سے ڈرائیور کی جانب منتقل ہوگئے تھے۔

















