Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

منہ سے سانس لینا صحت کے لیے کتنا مضر ہے؟ ماہرین نے آگاہ کردیا

دنیا میں ایسے افراد کی کمی نہیں ہے جو منہ سے سانس لیتے ہیں اس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں جیسے نزلہ زکام کے نتیجے میں ناک کا بند ہوجانا، ناک میں گوشت کا بڑھ جانا وجہ کوئی بھی منہ سے سانس لینا صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔

2,000 بالغوں پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق 13 فیصد افراد عام طور پر اپنے منہ سے سانس لیتے ہیں، اور سوتے وقت یہ تعداد  18 فیصد تک بڑھ جاتی ہے۔

تاہم ان میں سے، تقریباً تین میں سے ایک (31 فیصد) نے یہ اعتراف کیا کہ وہ اکثر اپنی ناک بند ہونے کا سامنا کرتے ہیں اور اسی لیے منہ سے سانس لیتے ہیں۔جبکہ صرف 15 فیصد لوگ ناک سے سانس لیتے ہیں، اور ایسے تمام افراد جن کی ناک میں بلغم بھرا ہوتا ہے اس کے نتیجے میں 38 فیصد رات کو جاگتے رہتے ہیں۔

یہ تحقیق اولباس کی جانب سے شروع کی گئی جس کے اہم محقق جنرل فزیشن ڈاکٹر راجر ہینڈرسن ہیں۔ راجر کا کہنا ہے کہ جب آپ اپنی ناک سے صحت مند سانس لینے کے بجائے منہ سے سانس لیتے ہیں  تو اس سے  صحت کے کئی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

منہ سے سانس لینے سے جسم کو کم آکسیجن پہنچ سکتی ہے اور اس کی وجہ سے نیند میں خلل اور دن کی تھکاوٹ کا سامنا ہوسکتا ہے۔

یہ منہ کو خشک کرنے کا سبب بھی بنتا ہے، جس کے نتیجے میں دانتوں کی خرابی اور مسوڑھوں کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اوپری ایئر وے کے انفیکشن کے ساتھ ساتھ ٹانسلز اور ایڈنائڈز کی سوزش کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

ناک میں رکاوٹ منہ سے سانس لینے کی ایک عام وجہ ہے، جو اکثر ناک کی الرجی یا بڑھے ہوئے اڈینائڈز کی وجہ سے ہوتی ہے۔

تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کی جن لوگوں کو ناک بند ہونے کا سامنا ہوتا ہے، ان میں سے 64 فیصد کی ناک مختلف وجہ سے بند ہو رہی ہے۔

 تین میں سے ایک نے ناک بہنے جبکہ 31 فیصد نے ہڈیوں کا دباؤ اور درد کا بھی اعتراف کیا۔ جبکہ مزید 31 فیصد کو اس کے نتیجے میں سانس لینے میں دشواری محسوس ہونے کے بارے آگاہ کیا۔ ناک کا بند ہونا منہ سے سانس لینے کی سب سے بڑی وجہ ہے تو اس کے  لیے ناک کے اسپرے، بھاپ میں سانس لینا اور ڈیکونجسٹنٹ یہ سب سے زیادہ مقبول علاج ہیں جو لوگ استعمال کرتے ہیں۔

ناک بند ہونے کی صورت میں منہ سے سانس لینا نیند میں خلل کا سبب بنتا ہے اور اس کے  نتیجے میں 37 فیصد رات کو جاگتے رہتے ہیں۔ جبکہ 28 فیصد میں یہ دن بھر کی تھکاوٹ کا سبب بنتا ہے۔

منہ سے سانس لینے والے افراد کی نیند ان لوگوں کی نسبت زیادہ خراب ہوتی ہے جو ناک سے سانس لیتے ہیں۔

ڈاکٹر راجر ہینڈرسن نے مزید کہا کہ منہ سے سانس لینے اور ناک کی رکاوٹ کو کم کرنے  کے لیے، نمکین اسپرے یا ناک کو صاف کرنے والا ٹول استعمال کریں، اپنے سر کو سہارا دینے کے لیے ایک اضافی تکیے کے ساتھ اپنی پیٹھ پر سوئیں اور ناک سے سانس لینے کی کوشش کریں۔

اس کے ساتھ ہی اپنے گھر کو ممکنہ حد تک الرجین سے پاک رکھنے کی کوشش کریں اور دن کے وقت شعوری طور پر اپنی ناک سے سانس لینے کی مشق کریں تاکہ اپنے آپ کو ناک سے سانس لینے کی عادت ڈالنے میں مدد ملے۔