ٹفٹس یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک طویل سروے کے بعد کہا ہے کہ خواتین اگر پروٹین سبزیوں اور پودوں سے حاصل کریں تو وہ جان لیوا جان کا روگ بننے والی بیماریوں سے دور رہ سکتی ہیں کیونکہ مردوں کے مقابلے میں وہ سبزیوں سے زیادہ فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔
اس جامعہ میں واقع جین مائر یوایس ڈی اے ہیومن نیوٹریشن ریسرچ سینٹر فار ایجنگ نے یہ تحقیق امریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع کی ہے۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ درمیانی عمر میں خواتین پودوں سے پروٹین حاصل کریں تو وہ تیزی سےجزو بدن بنتا ہے اور اس سے پڑھاپے میں بھی تندرست رہا جاسکتا ہے۔
اس ضمن میں 48 ہزار سے زائد خواتین سے سیلف رپورٹنگ کے ذریعے سوالنامے بھرے اور اپنی ٖغذائی عادات اور کیفیات کا مفصل احوال پیش کیا۔ معلوم ہوا کہ جو خواتین سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کرتی رہیں ان میں بلڈ پریشر، ذیابیطس، کینسر اور دیگر دماغی امراض کی شرح بہت کم تھی۔ یہاں تک مچھلی کے پروٹین کے مقابلے میں بھی پھل اور سبزیاں زیادہ مفید ثابت ہوئیں۔
اس کے علاوہ سبزیاں کھانے سے ہڈیاں مضبوط رہتی ہیں اور اندرونی جلن یا انفلیمیشن بھی کم ہوتی ہے ۔




















