Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انجیکشن کے ذریعے بہرا پن ختم کرنے کا کامیاب تجربہ

کلینیکل ٹرائل میں 10 میں سے تمام 10 مریضوں میں سماعت بہتر ہو گئی جو اس تحقیق کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے

سائنسدانوں نے بہرا پن کے علاج میں ایک بڑی پیش رفت کا اعلان کیا ہے جہاں ایک تجرباتی جین تھراپی کے ذریعے دیے گئے کان کے انجیکشن نے پیدائشی بہرے مریضوں کی سماعت بحال کر دی۔

کلینیکل ٹرائل میں 10 میں سے تمام 10 مریضوں میں سماعت بہتر ہو گئی جو اس تحقیق کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ علاج ایک نایاب موروثی بہرے پن کو ہدف بناتا ہے جو او ٹی او ایف جین میں خرابی کی وجہ سے جنم لیتا ہے جبکہ یہ جین کان کے اندر سے دماغ تک آواز کے سگنلز پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بہتر قوت سماعت کے لیے ان 5 باتوں پر عمل کریں

سائنسدانوں نے اس جین کا صحت مند ورژن براہِ راست شرکاء کے اندرونی کان میں داخل کیا جس کے بعد چند ہفتوں میں مریضوں کی سماعت میں واضح بہتری دیکھی گئی۔

اس طریقہ علاج کے بعد کئی مریض بات چیت کو واضح طور پر سمجھنے لگے اسی طرح اوسط سماعت کی صلاحیت میں ڈرامائی بہتری ریکارڈ کی گئی تاہم کم عمر مریضوں میں نتائج خاص طور پر بہتر رہے تاہم بڑوں میں بھی واضح بہتری دیکھی گئی۔

یہ جین تھراپی روایتی طریقوں جیسے ہیئرنگ ایڈز اور کوکھلر امپلانٹس سے مختلف ہے کیونکہ یہ صرف آوازکو بڑھانے یا خراب حصے کو بائی پاس کرنے کے بجائے بیماری کی اصل جینیاتی وجہ کو درست کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ کامیابی مستقبل میں موروثی بہرے پن کی دیگر اقسام کے علاج کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ یہ پیش رفت سماعت کی بحالی کے میدان میں اب تک کی سب سے امید افزا کامیابیوں میں سے ایک سمجھی جا رہی ہے۔