عدالتِ عالیہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پردائر توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پرپی ٹی آئی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف کیسے توہین عدالت دائر ہو سکتی ہے؟
پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے خلاف توہین عدالت درخواست دائر کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر، چار ممبران، داخلہ اور کابینہ ڈویژن سیکریٹریز کے خلاف درخواست دائر ہے۔
تحریکِ انصاف کے رہنما علی نواز اعوان کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار تیمور اسلم نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں 31 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی۔
گذشتہ روز اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے میں عدالت نے انٹرا کورٹ اپیلیں قابلِ سماعت قرار دیں۔




















