Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کو آخری موقع دے دیا

الیکشن کمیشن نے فریقین کو 17 جنوری تک شوکاز نوٹسز کا جواب دینے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن سے متعلق کیسزکی سماعت ہوئی۔

ممبر نثار درانی کی زیر صدارت صدارت چار رکنی کمیشن نے سماعت کی جبکہ عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سید علی بخاری کے معاون وکیل اوراسد عمر کے وکیل انور منصور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

سید علی بخاری نے مؤقف پیش کیا کہ فواد چوہدری کی والدہ لاہور میں بیمار ہیں۔ عمران خان کو ڈاکٹرز نے سفر کرنے سے منع کیا ہے جس پرممبر نے پوچھا کہ کیا عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرایا گیا۔

ممبر نثاردرانی نے کہا کہ 7 ستمبر سے یہ کیس زیر سماعت ہے۔ ابھی تک توہین عدالت نوٹس کے جواب تک نہیں کرائے گئے۔ آج والدہ بیمار ہیں، یہ کیس تین ماہ سے زیر التواء ہے۔

وکیل انور منصورنے کمیشن کو بتایا کہ اسد عمر فلائیٹ مس ہونے کے باعث اسلام آباد نہیں پہنچ سکے۔ توہین عدالت کے نوٹس پر اعتراضات دائر کیے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ججمنٹ بھی ابھی نہیں آئی۔

وکیل انور منصور نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی ہے جس پر ممبرنثار درانی نے پوچھا کہ کیا آپ شوکاز نوٹسز کا جواب نہیں دینا چاہتے؟

ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ آپ کیس نہیں چلانا چاہتے تو ہم حتمی فیصلہ دے دیتے ہیں، تاریخ تاریخ کھیلنے سے تو معاملہ حل نہیں ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کو آخری موقع دے دیا۔

وکیل انور منصور نے کہا کہ آئندہ سماعت سے قبل شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادوں گا۔ الیکشن کمیشن نے پہلی مرتبہ کسی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔

ممبر نثار درانی نے کہا کہ عمران خان اور فواد چوہدری کو پہلے بھی توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے جاچکے جب کہ ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے وارنٹ جاری کردیتے ہیں۔

وکیل علی محمد بخاری نے جواب دیا کہ وارنٹ جاری نہ کریں، پیشی کا نوٹس دے دیں جس پر ممبراکرام اللہ خان نے کہا کہ اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کو 17 جنوری تک شوکاز نوٹسز کا جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 جنوری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ خبریں