پی ٹی آئی نے الیکشن شیڈول کے بعد سیاسی بنیادوں پرایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کو عدالت میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے صدراور ایم پی اے بلال غفار نے شہاب امام ایڈووکیٹ کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔
سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
عدالتِ عالیہ نے چیف سیکریٹری، سیکریٹری بلدیات، الیکشن کمیشن اور دیگر سے جواب طلب کرتے ہوئے چار جنوری کو رپورٹ طلب کرلی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فرقان طیب، شکیل اور محمد شریف کو کراچی کے مختلف اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرزتعینات کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ یہ افسران متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے بھی ارکان ہیں۔ ان افسران کی سیاسی بنیادوں پر تقرری بلدیاتی انتخابات پراثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
وکیل درخواست گزارنے مؤقف پیش کیا کہ سیف الرحمان کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر بھی تبادلے و تقرریوں پر پابندی کی مدت میں تعینات کیا گیا ہے۔ حکومت سندھ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ مل کر انتخابی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہی ہے۔
درخواست میں سندھ ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی کہ اتخابی قوانین سےمتصادم یہ تعیناتیاں غیر قانونی اور کالعدم قرار دی جائیں۔




















