Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کیخلاف توہینِ الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کو سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف کارروائی جاری رکھے اورالیکشن کمیشن تحریک انصاف کے اعتراضات پر بھی قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

عدالتِ عظمٰی نے کیس میں ریمارکس دیے کہ کسی ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں روکا۔ سندھ اور لاہور ہائی کورٹس نے صرف حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا ہے۔

سپریم کورٹ کہا کہ الیکشن ایکٹ کمیشن کو کارروائی کیلئے بااختیار بناتا ہے۔ تحریک انصاف نے کارروائی کا اختیار دینے کی دفعہ چیلنج کررکھی ہے۔ رائج قانون چیلنج ہو تو بھی اس پر عملدرآمد سے روکا نہیں جا سکتا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہائی کورٹس کی جانب سے دیے گئے حکمِ امتناع سپریم کورٹ میں چیلنج کیے تھے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمرکو 17 جنوری تک شوکاز نوٹسز کا جواب دینے کی ہدایت کردی۔

ممبر اکرام اللہ خان نے الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکلا سے کہا کہ آپ کیس نہیں چلانا چاہتے تو ہم حتمی فیصلہ دے دیتے ہیں، تاریخ تاریخ کھیلنے سے تو معاملہ حل نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں